اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کے ایڈیشنل ضلع بھدرواہ کے گلڈنڈہ میں تازہ برفباری سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بھدرواہ سے تقریباً 30 کلومیٹر کی دوری پر بھدرواہ پٹھانکوٹ شاہراہ پرسطح سمندر سے 9555فٹ کی بلندی پر واقع گلڈنڈہ پچھلے کچھ برسوں میں سیاحت کا ایک نیا مرکز بنا ہوا ہے جہاں پچھلے دو برس میں ملک بھر سے آئے ہزاروں سیاحوں نے دورہ کرکے اسے اپنی توجہ کا مرکز بنایا۔ضلع انتظامیہ نے گذشتہ برس گلڈنڈہ کے مقام پر سنو فسٹول کا بھی انعقاد کیا تھا۔ پیر کی شب ہوئی تازہ برفباری کے فوراً بعد مختلف علاقوں سے آئے سیاحوں نے گلڈنڈہ کا دورہ کرکے برفباری سے لطف اندوز ہوئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کئی سیاحوں و مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلڈنڈہ کی خوبصورتی کو دیکھ کر انہیں کشمیر یاد آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلڈنڈہ گلمرگ و پہلگام سے کم نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے امید ظاہر کی کہ امسال بھدرواہ و باالخصوص گلڈنڈہ میں سیاحوں کی کثیر تعداد میں آمد ہو گی۔انہوں نے سرکار و انتظامیہ سے سیاحوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی مانگ کی ہے۔