بھدرواہ //بھدرواہ کے عوام نے سرکار کی جانب سے بھدرواہ کے فاضل ضلع میں بہتر طبی سہولیات مہیا نہ کرنے کے خلاف جمعہ کے روز احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے میں بزرگ شہریوں، سیاسی لیڈران و سماج کے مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔مظاہرین پہلے ہی منظور شدہ مدر کئیر ہسپتال اور اے این ایم سکول کو لاگو کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔مظاہرین بھدرواہ کے ہسپتال کے باہر اکٹھا ہوئے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بلند کئے،جس کی وجہ سے علاقہ میں گاڑیوں کی نقل و حرکت مسدود ہوئی ۔مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ بھدرواہ کی شان رفتہ کو بحال کرنے کے لئے ان پروجیکٹوں کی سر نو تعمیر ضروری بن گئی ہے ،جن کو نہ جانے کن وجوہات پر روک دیا گیا ہے۔یا د رہے کہ مدر کئیر ہسپتال اور اے این ایم سکول کی تعمیر کو چار سال قبل منظوری دی گئی تھی لیکن تا دم ان کی تعمیر شروع نہیں ہوئی ہے۔مظاہرین کا بھدرواہ۔بھلیسہ روڈ کھولنے کا بھی مطالبہ کر رہے تھے تاکہ دونوں علاقوں کے درمیان دوری کو کم کیا جا سکے۔نامو رسیاست دان مست ناتھ یوگی نے اس موقعہ پر کہا کہ ہم مدر کئیر ہسپتال اور اے این ایم سکول کو کھولنے کے لئے پُر امن طریقہ سے احتجاج کر رہے ہیں۔لیکن متعلقہ حُکام ہمیں سڑکوں پر آنے کو مجبور کر رہے ہیں۔انہوں نے مخلوط سرکار پر بھدرواہ کے عوام کے برداشت کا امتحان نہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے عوامی حامل کی اہمیت کے ان مطالبات پر فوری طور کاروائی کرنے کی اپیل کی۔جے کے این پی پی کے لیڈر چودھری محمد اقبال نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بھدرواہ کے لئے منظور شدہ پروجیکٹوں کو یا تو یہاں سے منتقل کیا گیا ہے یا ان کو ترک ہی کیا گیا ہے۔ایک سماجی کارکن ریاض احمد نجار نے کہا کہ کوئی بھی ہماری جد و جہد کو روک نہیں سکتا ہے کیونکہ اب ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ہم اپنے مطالبات کے حق میںکسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔احتجاج میں شرکت کرنے والوں میںجے ڈی ایس کے ریاستی صدر مست ناتھ یوگی،جے کے این پی پی کے ریاستی صدر چودھری محمد اقبال ،سناتن دھرم سبھا کے صدر وید کمار کوتوال، جے کے این پی پی کے یوتھ صدر نیرج سنگھ منہاس، سماجی کارکن ریاض احمد نجار ،نریندر کانت ڈوگرہ، مشتاق احمد ،اعجاز شیخ، متھُرا داس، اور دھرم پال شامل تھے۔