سرینگر/ضلع انتظامیہ نے بھدرواہ میں سوموار کو جاری کرفیو کے اندر چار گھنٹوں کی نرمی کا اعلان کردیا۔علاقے میں تاہم انٹرنیٹ سروس کی معطلی جاری ہے۔
یہ کرفیو بھدرواہ اور ملحقہ علاقوں میں گذشتہ جمعہ کو مبینہ طور گائو رکھشکوں کے ہاتھوں ایک شہری کی گولی مار کر ہلاکت کے بعد نافذ کیا گیا تھا۔
حکام نے کہا کہ کرفیو میں پہلے ساڑھے دس سے بارہ بجے تک نرمی کی گئی جس کے بعد اس کو اڑھائی بجے تک بڑھادیا گیا اور اس دوران کسی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں آئی۔
نعیم شاہ نامی مویشیوں کے تاجرکا قتل محلہ قلعہ میں ہوا تھا اور اس کیخلاف علاقے میں شدید احتجاج ہوا تھا جس کے بعد حکام نے یہاںکرفیو نافذ کردیا۔
بھدرواہ کے تحصیلدار ذیشان طاہر نے کہا کہ علاقے میں دفعہ144کے تحت پابندیوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ بقول اُنکے امن و قانون کی صورتحال کو بنایا رکھا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرفیو پوری طرح ہٹانے کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ حالات کا مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی لیا جائے گا۔