بھدرواہ //بھدرواہ میں وشو ہندو پریشد اور آر ایس ایس کی جانب سے مقامی پولیس اور انتظامیہ کے خلاف بھدرواہ میں ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرین گذشتہ روز متبرک کیلاش کُنڈ سے کئی نشانیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے اور کیلاش کُنڈ سے کُچھ سامان چُرانے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔مظاہرین نے لکشمی نرائن مندر میں ایک میٹنگ کرنے کے بعد مارکیٹ میں مظاہرہ کیا اور متبرک کیلاش کُنڈ میں سامان کی چوری کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔بقول مظاہرین کے ایسا واقعہ ہر سال مذہبی جذبات کو اُکسانے کے لئے کیا جا تا ہے۔مظاہرین نے واسک ڈیرہ سے ریلی نکال کرکے گنپت مارکیٹ، جائی روڈ اور سیری بازار سے ہوتے ہوئے لکشمی نرائن چوک میں اختتام پذیر ہوا ،جہاں پر ان لیڈران نے ایک مظاہرہ کیا ۔وی ایچ پی بھدرواہ کے صدر ستیش کوتوال نے فرقہ کو متحد رہنے کی اپیل کرکے شر پسند عناصر سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنے کی اپیل کی، جو ہمارے مذہبی جذبات کے ساتھ لگاتار کھلواڑ کرتے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ کو ان شر پسند عناصر کے خلاف سات دنوں کے اندر اندر کاروائی کرنے کا تنبہیہ کیا ۔مظاہریں سے وی ایچ پی بھدرواہ کے نائب صدر نے بھی متبرک کیلاش کُنڈ میںمتبرک چیزوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کاروائیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔بعد ازاں ،تمام مظاہریں نے لکشمی نرائن مندر میںآئیندہ لائحہ عمل پر غور کرنے کے لئے ایک مجلس منعقد کی۔دریں اثنا انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہونے پائے۔