بھدرواہ//دیہی علاقوں میں لوگوں کو خصوصی ہیلتھ کئیر چیک اپ مہیا کرنے کے لئے محکمہ صحت و خاندانی بہبود نے ویشنو دیوی نارائنہ سپر سپیشلٹی ہسپتال کٹرہ کے اشتراک سے سب ۔ڈسٹرکٹ ہسپتال بھدرواہ میں بروز اتوار ایک سپر اسپیشلٹی میڈیکل کیمپ منعقد کیا ۔کیمپ میں مختلف بیماریوں کے اسپیشلسٹ ڈاکٹروں نے تقریباً340 مریضوں کا مفت طبی معائینہ کیا ۔کیمپ کے دوران ادویات مہیا کرنے کے علاوہ مختلف ٹیسٹ بھی کئے گئے۔کیمپ میں جن ڈاکٹروں نے شرکت کی اُن میں ماہر امراض قلب ڈاکٹر نیرج مہاجن،نیفرالوجسٹ ڈاکٹر ہتیش گپتا، ڈاکٹر انکُش شرما ،ماہر امراض سرطان ڈاکٹر سندیپ کول، انٹرنل میڈیسن ڈاکٹر اشونی شرما ،ماہر امراض خواتین ڈاکٹر راکیش شرما ،ماہر امراض اطفال ڈاکٹر پریتی گپتا، دانتوں کے سرجن ڈاکٹر رام کے جھا،اور ڈاکٹر ارجُن بھی شامل تھے۔ٹیم کی قیادت نامور ڈاکٹر ارون شرما کر رہے تھے۔بلاک میڈیکل آفیسر بھدرواہ ڈاکٹر یُدھ ویر سنگھ کوتوال نے کہا کہ میڈیکل کیمپ لوگوں کے مطالبات پر قائم کیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران 10 خواتین کا میموگرافی تکنیک سے ٹیسٹ کیا گیا ۔اسکے علاوہ موقعہ پر ہی ذیابیطس کا مفت ٹیسٹ بھی کیا گیا۔انہوں نے علاقہ کے لوگوں کی بھلائی کے لئے ان ڈاکٹروں کو کم سے کم مہینہ میں ایک مرتبہ ڈوڈہ کا دورہ کرنے کی درخواست کی۔چیف میڈیکل آ فیسر ڈوڈہ ڈاکٹر واجد علی نجار نے کیمپ منعقد کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے کیمپ جاری رکھے جائیں گے۔ایس ڈی ایم بھدرواہ ڈاکٹر اویس احمد رانا نے بھی کیمپ کا دورہ کیا ۔انہوںنے بی ایم او کی جانب سے ایساکیمپ منعقد کرنے پرانکی سراہنا کی اور کہا کہ اس سے یقینی طور پر غریبوں اور ضرورتمندوں کو فائدہ ہوگا۔مقامی لوگوں نے بھی میڈیکل کیمپ منعقد کرنے کی سراہنا کی۔