سرینگر/بھدرواہ میں جمعرات کو مبینہ طور گائو رکھشکوں کے ہاتھوں ایک درمیانہ درجے کے شہری کی ہلاکت کیخلاف شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے جس کے پیش نظر انتظامیہ نے علاقے میں کرفیو نافذ کردیا۔
اطلاعات کے مطابق تین افراد بھدرواہ کے محلہ قلعہ علاقے میں اپنے مویشیوں کو لیکر جارہے تھے جب اُن پر دوران شب مبینہ طور گائو رکھشکوں نے گولی چلائی۔یہ واقعہ نالتھی گائوں کے نزدیک پیش آیا۔
اس حملے میں نعیم احمد شاہ جس کی عمر50سال بتائی جاتی ہے، موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے دو ساتھی بحفاظت فرار ہونے میں کامیابی ہوگئے۔
اس واقعہ کے بعد بھدرواہ میں تنائو کی کیفیت پیدا ہوگئی جس کے پیش نظر انتظامیہ نے قصبہ میں کرفیو نافذ کردیا۔
مقامی لوگ مجرموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کررہے ہیں۔
پولیس نے اس دوران دعویٰ کیا کہ انہوں نے سات مشتبہ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے تاہم مرکزی مشتبہ شخص ابھی تک فرار ہے۔