اشتیاق ملک
ڈوڈہ //گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول بھدرواہ کے باہر طلباء نے ڈوڈہ بھدرواہ شاہراہ پر جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن و محکمہ تعلیم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ‘جے کے بورڈ ہائے ہائے’ کے نعرے لگائے۔ اس دوران ٹریفک بھی کچھ دیر کے لئے معطل رہا تاہم بعد میں معمول کے مطابق بحال کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں شامل طلاب نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیارہویں جماعت کے نتائج میں جے کے بورڈ کی طرف سے ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پرچے اچھے و تسلی بخش ہونے کے بعد بھی ایک سازش کے تحت فیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پڑھائی کا سال ضائع ہو یہ ہم برداشت نہیں کر سکتے اور نہ ہی بورڈ کے صاف و شفاف نتائج پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال بھی جے کے بورڈ نے آنکھیں بند کر کے نتائج کا اعلان کیا تھا اور جان بوجھ کر طلباء کی کثیر تعداد کو فیل دکھایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کتاب کا پرچہ حل کرنے کے باوجود ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے اور کچھ بچوں کو اضافی نمبرات دیئے گئے ہیں اور زیادہ تر طلاب کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک کیا گیا ہے۔ احتجاج کررہی طالبات نے حکام سے دوبارہ چیکنگ کا مطالبہ کیا ہے۔