بھدرواہ //ایت کے روز قصبہ میں حضرت سائیں مچھ مروڑ ؒ کا سالانہ عرس روایتی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منایا گیا، بھاری تعداد میں عقیدتمندوں نے کورٹ کمپلیکس میں قائم سائیں ؒ کی درگاہ پر حاضری دی اور وہاں منعقدہ ختمات و معظمات کی مجلس میں شرکت کی۔ اس نورانی مجلس کا آغاز قرأت القرآن سے ہوا جس کے بعد دربارِ رسالتؐ میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا جس کے بعد درود و اذکار کا دور چلا جس میں مختلف مکاتیب ہائے فکر سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔ لوگوں نے صاحب مزارؒ کے لئے دعائے فاتحہ کے ساتھ ساتھ ان کی بلندی درجات کے لئے بھی دعا کی۔ اس موقعہ پر محمد شفیع آخون نے اجتماعی دعا کی جس میں امن و بھائی چارہ اور امت کی بدحالی سے نجات کے لئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی۔ انہوں نے لوگوں کو قرآن و حدیث پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کرتے ہوئے بزرگان دین کے راستہ کو مشعل راہ بنانے کی ہدایت دی ۔انہوںنے حضرت پیر مچھ مروڑ ؒ کے حالات زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اشاعت اسلام کیلئے ان کی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اسلام کے صحیح داعی ہیں جنہوں نے لوگوں کو گمراہی اور اندھیرے سے نکال کر ہدایت کی روشنی میں پہنچایا۔ انہوں نے کہا یہ اولیاء کرام نے جہاں ہمیں توحید کا راستہ دکھایا وہیں آپسی بھائی چارے اور اخوت کی بھی تعلیم دی ہے ۔ اس موقعہ پر حسب روایت لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔