عظمیٰ نیوز سروس
بھدرواہ//بھدرواہ کے گورنمنٹ ڈگری کالج اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقدہ تین روزہ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ شاندار اختتام کو پہنچا۔ یہ مقابلے 11 جولائی سے 13 جولائی تک جاری رہے، جس میں جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے نابینا کھلاڑیوں نے شرکت کی اور کھیل کے جذبے میں کسی کمی کو ظاہر نہ ہونے دیا۔ٹورنامنٹ کا انعقاد کرکٹ بلائنڈ ایسوسی ایشن جموں و کشمیر کی جانب سے ضلعی انتظامیہ ڈوڈہ، بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (BDA) اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے تعاون سے کیا گیا۔ اس ایونٹ کا مقصد بصارت سے محروم کھلاڑیوں کو کھیلوں میں آگے لانا اور انہیں برابر کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ٹورنامنٹ کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بھدرواہ سنیل کمار بھٹیال نے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ خصوصی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ افتتاحی میچ میں بلو اور ریڈ ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، جس میں بلو ٹیم نے فتح حاصل کی۔تین دنوں تک جاری رہنے والے مقابلوں میں کھلاڑیوں نے اپنی غیر معمولی ہم آہنگی، بیٹنگ مہارت اور فیلڈنگ سے شائقین کو حیران کر دیا۔ تماشائیوں نے کھلاڑیوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’کھیل کے لئے جذبہ کسی جسمانی مجبوری کا محتاج نہیں ہوتا‘۔ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہروندر سنگھ نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ ’یہ ٹورنامنٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ معذوری کوئی مجبوری نہیں۔ ان کھلاڑیوں نے جو ہمت، جوش اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے، وہ ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے‘۔