بھدرواہ //قصبہ میں برسوں سے چل رہے ٹریفک جام کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے سب ڈویژنل انتظامیہ نے متعدد اقدامات کئے ہیں ۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے متعلقہ حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے بعد متعدد علاقہ جات میں گاڑیوں کی پارکنگ پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں ’نو پارکنگ زون ‘ قرار دے دیا۔اسسٹنٹ آر ٹی او ڈوڈہ، مقامی پولیس و ٹریفک افسران، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ ایک مختصر میٹنگ کے بعد اس بات کا کا اعلان کرتے ہوئے ایس ڈی ایم بھدرواہ ڈاکٹر اویس احمد نے بتایا کہ یہ معاملہ دن بدن پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے ،مقامی سماجی تنظیموں اور معززین نے اس سلسلہ میں ان کے ساتھ رابطہ کرکے بتایا تھا کہ گاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ سے نہ صرف دکانداروں اور راہگیروں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا بلکہ خود گاڑی ڈرائیوروں کو بھی اکثر مشکلات درپیش رہتی تھیں۔ بزرگوں ، طلاب اور خواتین کو عبور و مرور میں دقتیں پیش آتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ سیری بازار اور پاسری بس اڈہ پر کمرشل گاڑیوں کی پارکنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں جاری حکمنامہ SDM /PA/16-17/2920-32کے مطابق نجی گاڑیوں کو پیڈ پارکنگ میں لگانے کی اجازت ہوگی تو صبح 9بجے سے شام7بجے تک قصبہ میں کسی بھی میڈیم یا ہیوی گاڑی کو داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پاسری سے سیری بازار، بوائز ہائر سکینڈری اسکول سے سیری بازار، سیری بازار سے فائر سٹیشن آف وایہ گنپت بازار، اخوان چوک تا عید گاہ پوائنٹ ، جامع مسجد تا ریونیو کمپلیکس اور سیری بازار تا گپت گنگا روڈ کو ’نو پارکنگ زون‘ قرار دے دیا گیا ہے ۔ایس ڈی ایم موصوف نے اس موقعہ پر بتایا کہ عام لوگوں کو درپیش پریشانیوں کے مدِ نظر انتظامیہ نے مندرجہ بالا پابندیا ں عائد کرنے اور نو پارکنگ زون قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد ترقی کی نشانی ہے لیکن انہیں رکھنے اور چلانے کے اصول وضع کرنا اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانا اشد ضروری ہے ۔قابل ذکر ہے کہ قصبہ سے صرف 300میٹر کی دوری پر جدید سہولیات سے لیس بس اڈاہ کوٹلی کے مقام پر تعمیر کیا گیا ہے جہاں 500گاڑیاں کھڑا کرنے کی صلاحیت ہے لیکن تکمیل کے 6برس بعد بھی اسے استعمال میں نہیں لایا جا رہا ہے ۔