عظمیٰ نیوز سروس
بھدرواہ//بھدرواہ فیسٹیول کے دوسرے دن سیاحوں کی آمد میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا تاہم اس دوران سب ڈویژن کی مشہور جائی ویلی میں ایڈ ونچر اور ثقافتی پروگرام منعقد کیاگیا ۔پانچ روزہ وائبرنٹ بھدرواہ فیسٹیول کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم جموں نے ڈوڈہ کی ضلعی انتظامیہ، اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگوئیجز اور بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) کے اشتراک سے کیا ہے۔ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم جموں اور ضلع انتظامیہ ڈوڈہ کی غیر متزلزل عزم نے بھدرواہ کو ایک متحرک اور رنگین مرکز میں تبدیل کر دیا، جس نے منفرد سرمائی تہوار منایاجارہا ہے ۔جائی ویلی میں منعقدہ روایتی تقریبات میں ثقافتی پرفارمنس، مقامی کھانوں کی نمائش اور مختلف بیرونی کھیلوں کی سرگرمیاں جو خطے کے موسم سرما کی دلکشی کو اجاگر کرتی ہیںکیساتھ ساتھ ایڈو نچرز سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جس میں فنکاروں و کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ان سرگرمیوں نے نہ صرف سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کیا بلکہ خطے کے امیر ورثے اور قدرتی حسن کے تحفظ اور فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔بال کرشن، سی ای او بی ڈی اے، اے ڈی سی دلمیر چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم، عبدالجبار کے ساتھ سیاحوںو عام لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں اس تقریب میں شرکت کی ۔ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے کبڈی، فٹ بال، والی بال اور کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا۔ بعد ازاں معززین نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں و کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔