بھدرواہ//بھدرواہ۔ بسوہلی شاہراہ پر تار کول بچھانے کے مطالبہ کو لیکر تحصیل بھدرواہ کے قلعہ ،کہیاں، پونیجا و گرد و نواح کے لوگوں نے بارڈر روڈز آرگنائزیشن اور مقامی انتظامیہ کے خلاف ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ان لوگوں کا کہنا ہے کہ گُذشتہ چار دہائیوں سے انتظامیہ اس شاہراہ کی مرمت کرنے میں ٹال مٹول کر رہی ہے،جسکی وجہ سے وہ مجبور ہوکر سڑکوں پر آگئے ہیں۔ احتجاج کرنے کے دوران مُطاہرین نے بی آر او اور سول انتظامیہ کے خلاف نعرے بلند کئے اور شاہراہ پر روکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کے نقل و حرکت میں خلل ڈالی۔ان لوگوں کا الزام ہے کہ اس شاہراہ کی مرمت نہ کرنے کی وجہ سے مقامی لوگ گذُشتہ 10سالوں سے گرد و غبار میں رہتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بی آر او اس سڑک پر تار کول بچھانے کے بجائے کینکڑا (بٹیومن) ڈالتے ہیں،حالانکہ اس شاہراہ کا سنگ بنیاد 1970 میں ڈالی گئی ہے اور تب سے لیکر اس شاہراہ کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے جسکی وجہ سے مقامی لوگوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی سے نہ صرف اس شاہراہ پر حادثات کا خطرہ رہتا ہے بلکہ زرعی پیداوار کو بھی گردو غبار سے کافی نُقصان ہوا ہے۔اسکے علاوہ بچوں کو بھی کئی بیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔علاقہ کے ایک بُزرگ شہری لیاقت علی نے کہا کہ ہم تب تک احتجاج جاری رکھیں گے جب تک کہ اس سڑک پر تار کول نہیں بچھا یا جاتا ہے۔ ایک مقامی خاتون رُخصانہ بیگم نے کہا کہ ماہ رمضان ہونے کے باوجود ہم سڑکوں پر آنے کو مجبور ہو گئے ہیں۔ان لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے شاہراہ کی مرمت کے لئے فوری احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ تحصیل میں بہت سے سڑکوں کی مرمت کے لئے لوگ آئے دن احتجاج کرتے رہتے ہیں ۔ماہ اپریل میںسرتنگل،نالٹھی ،بستی و گرد و نواح کے لوگوں نے بھی ایسا ہی ایک احتجاج کیا تھا جس پر بی آر او نے ایک مہینہ کے دوران اس پر کینکڑ ابچھانے کا وعدہ کیا تھا ۔