سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ،نیشنل کانفرنس کے سرپرست ڈاکٹر فاروق ،راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد غلام نبی آزاداور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بنی بھدرواہ سڑک درہ چھترگلی کے نزدیک پیش آئے سڑک حادثے میں انسانی جانوں کے زیاں پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔محبوبہ مفتی نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مہلوکین کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔وزیر اعلیٰ نے جموں صوبائی انتظامیہ کو برفانی تودوں میں دبے مسافروں کے بچائوکیلئے اپنی کارروائی میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔انہوں نے تمام زخمیوں کے لئے فوری طور طبی امداد فراہم کرنے کے لئے کہا۔محبوبہ مفتی نے ضلع پونچھ میں دنگلا کے نزدیک پیش آئے سڑک حادثے پر بھی اپنے رنج او الم کا اظہار کیا ہے۔اس دوران نیشنل کانفرنس سرپرست ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے بھدرواہ بسولی شاہراہ پر مسافر بردار گاڑی کے برفانی تودے کی زد میں آکر 5افراد کے لقمہ اجل بن جانے اور ڈنگلہ پونچھ میں مسافر بس کو حادثہ پیش آنے سے ایک شہری کی موت واقع ہونے اور 43افراد کے زخمی ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔