اشتیاق ملک
ڈوڈہ //بھدرواہ ڈوڈہ شاہراہ پر درڈو نئی بستی کے نزدیک موٹر-سائیکل حادثہ میں 3 افراد زخمی و ایک جاں بحق ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی شام ساڑھے چھ بجے کے قریب سیری سے نئی بستی کی طرف آرہا ایک موٹر سائیکل دروڈو کے مقام پر حادثہ کا شکار ہوا جس پر سوار 4 شدید زخمی ہوئے۔ اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال بھدرواہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے راجیش کمار (40)دیا کرشن ساکنہ ڈگی کو مردہ قرار دیا جبکہ پیار سنگھ (40)ولد ہوشیاری لال، مدھو دیوی (17)دختر پیار سنگھ و ست لال (57)ولد دیا کرشن ساکنہ دروڈو زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے اس حادثہ پر معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ادھراکھنور میں گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 28مسافر زخمی ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک بس زیر نمبر (JK02CT۔0782) رامین مورا کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 28 مسافر زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور پولیس نے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا۔ان کے مطابق زخمیوں میں سے پانچ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا جہاں پر ان کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
بھدرواموٹرسائیکل حادثہ میں1 شخص ازجان ،3 زخمی | اکھنور میں مسافربس لڑھک گئی، 28مسافر مضروب
