ڈوڈہ//عوامی مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے اورپولیس پبلک تعلقات کو مضبوط بنانے کے مقصد کو لے کر ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی ہدایت پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرس ڈوڈہ افتخار احمد نے بھاگواہ میں ایک پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں علاقہ کے متعدد سابق سرپنچوں اور پنچوں کے علاوہ علاقہ کے سیاسی و سماجی کارکنان اورعام لوگوں نے بھی اچھی خاصی تعداد میں شرکت کی۔میٹنگ میں انچارج پولیس پوسٹ بھاگواہ لیکھ راج بھی موجود تھے۔اس موقع پر سول سوسائٹی کے نمائندوں نے راشن اسٹوروں پر راشن کی قلت،گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کی طرف سے بھاری کرایہ وصول کرنے،اُوور لوڈنگ،گاڑیوں کی قلت،غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی،پینے کے پانی کی قلت، شعبۂ تعلیم اورمحکمہ صحت سے متعلق مسائل پولیس انتظامیہ کے سامنے اُجاگر کر کے ان مسائل کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لا کر حل کروانے کی اپیل کی۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر نے لوگوں کے مسائل بغور سُنے اور اُنہیں یقین دلایا کہ پولیس سے متعلقہ اُن کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا جب کہ دیر مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھا کر حل کروانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔اُنہوںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم اور اُس کے ہاتھ مضبوط بنائیںتاکہ ضلع ڈوڈہ میں سماجی جرائم، منشیات ،غیر قانونی شراب،چوری کی وارداتوں،ٹریفک کی بد نظمی،غلط پارکنگ اورجنگلی پیدوار وغیرہ کی ا سمگلنگ پر قابو پایا جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ پولیس کی یہ پوری کوشش ہے کہ وہ معاشرے کو جرائم سے پاک بنائے اور سماج میں پھیل رہی برائیوں پر روک لگائی جائے مگر اس کے لئے عوام الناس کا بھر پور تعاون ضروری ہے،کیوں کہ عوامی تعاون کے بغیر کوئی بھی کام ممکن نہیں ہے۔اُنہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں اور دیہات میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی صدیوں پرانے آپسی بھائی چارہ کو بنائے رکھیں تاکہ اس خطہ میں امن و سکون کی فضاقائم رہ سکے۔سول سوسائٹی ممبران نے پولیس اس طرح کی میٹنگوں کے انعقاد پر پولیس انتظامیہ کی سراہنا کی اور اس سلسلہ کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔