مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے بھاٹہ دھوڑیاں میں چل رہے انکائونٹر کی وجہ سے جموں پونچھ شاہراہ کے بھمبر گلی تا جڑانوالی گلی حصے کوپانچویں روز مسلسل بند رکھا گیا جبکہ مسافر اور مالبردار گاڑیوں کو صرف مینڈھر سے ہوتے ہوئے پونچھ جانے کی اجازت دی گئی ۔ضلع ہیڈ کوارٹر اور سرنکوٹ کیساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں جانے والی ٹریفک کو مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کی جانب موڈ دیا گیا ہے جہاں سے گاڑیاں دیگر علاقوں کی جانب جاتی ہیں ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں پونچھ شاہراہ کے نزدیک ہی ملی ٹینٹوںکی تلاش کے سلسلہ میں ایک ایک انکائونٹر شروع کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کو مذکورہ علاقہ سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کے کچھ ہی کلو میٹر کی دوری پر انکائونٹر چل رہا ہے جس کی وجہ سے مسافروں وعام لوگوں کی زندگی خطرے میں نہیں ڈالی جاسکتی جبکہ سبھی طرح کی ٹریفک کو مینڈھر کی جانب موڑ دیا گیا ہے ۔اس دوران خانہ بدوش طبقہ کے کئی کنبے جو کہ گزشتہ کئی دنوں سے سرنکوٹ اور بھاٹہ دھوڑیاں کے درمیان دربدر تھے ،ہرنی والا متبادل راستہ احتیار کرلیا ہے ۔
علاقہ میں فصل و گھاس کٹائی متاثر ہوئی
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے بھاٹہ دھوڑیاں اور طوطا گلی جنگلا ت میں شروع ہوئے انکائونٹر کی وجہ سے ملحقہ علاقوں میں گھاس و فصلوں کی کٹائی کا عمل بھی متاثر ہوگیا ہے ملحقہ علاقوں بالخصوص سنگیوٹ ،بھا ٹہ دھوڑیاں اور ناڑ کے مکینوں نے بتایا کہ علاقہ میں فوج اور ملی ٹینٹوں کے درمیان شروع ہوئے انکائونٹر کی وجہ سے مذکورہ علاقوں میں فصلیں اور گھاس کٹائی کا عمل بھی ٹھپ پڑا ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی دنوں سے گھروں میں ہی رہنے پر مجبور ہیں ۔غور طلب ہے کہ بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں جاری انکائونٹر کے چلتے جموں وکشمیر پولیس اور فوج کی جانب سے ایک وسیع علاقہ کا محاصرہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان دیہات کے مقامی لوگ بھی گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں ۔اس وقت خطہ پیر پنچال کے بیشتر علاقوں میں گھاس اور فصلوں کی کٹائی کا عمل جاری ہے لیکن انکائونٹر کی وجہ سے تین دیہات میں مذکورہ سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں ۔