جاوید اقبال
مینڈھر//ضلع پونچھ میں 144A قومی شاہراہ پر بھاٹہ دھوڑیاں سے چھتی بھٹی سنگیوٹ کے درمیان زیر تعمیر سرنگ میں پیش آنے والے حادثے میں دو مزدور زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدور کھدائی کے کام میں مصروف تھے کہ اچانک مٹی کا تودہ گر گیا، جس کی زد میں آ کر دونوں مزدور زخمی ہو گئے۔حکام نے بتایا کہ زخمی ہونے والے مزدوروں کی شناخت وکرام سنگھ ولد پریم سنگھ ساکن رام بن اور تعظیم حسین ولد غلام حسین سکنہ سنگلدان، رام بن کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے کے فوری بعد دیگر مزدوروں اور متعلقہ حکام نے انہیں نکال کر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ان کی تشویشناک حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج (GMC) راجوری ریفر کر دیا گیا۔ہسپتال کے بلاک میڈیکل آفیسر (BMO) ڈاکٹر محمد یوسف چودھری نے مزدوروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مزدوروں کو اندرونی چوٹیں آئی ہیں، تاہم ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔یہ سرنگ، جو کہ 144A قومی شاہراہ کے اہم منصوبوں میں شامل ہے، کا کام چند روز قبل ہی شروع کیا گیا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق، حفاظتی اقدامات کی کمی کے باعث مزدوروں کو کام کے دوران شدید خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مزدوروں اور مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کریں اور تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی تدابیر کو یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔