کولگام/خالد جاوید/ کولگام ضلع ہیڈکوارٹر سے متصل گائوں اشموجی بھان میں فوجی اہلکاروں نے لوگوں پر پتھرائو کے بعد قہر ڈھایا اور3نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ جمعہ کی شام فوج کی9 آرآر کی ایک گشتی پارٹی گزررہی تھی اس دوران نوجوانوںنے گشتی پارٹی پر پتھرا ئو کیا۔ اسکے فوراً بعدفوج نے آستان محلہ کا محاصرہ کرکے جامع مسجد میںداخل ہوئے اور لائوڈ اسپیکر پر لوگوں کو آستان کے صحن میں جمع ہونے کو کہا جس کے بعد چند ایک کی ہڈی پسلی ایک کی گئی ۔ اس موقعہ پر لوگوں نے مظاہرے کئے اور بعد میں فوجی اہلکار واپس چلے گئے۔مقامی لوگوں کے مطابق فوج اور نیم فوجی اہلکار جمعہ کی شب گائوں میں داخل ہوکرنہ صرف دکانوں، رہائشی مکانوں اور دیگر تعمیرات بلکہ سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں کی شدید توڑ پھوڑ کی اورکئی افراد کابلا وجہ زدوکوب کیا گیا۔ اس دوران فورسز نے 3 نوجوانوں کو حراست میں لیا اور اس موقعے پر ان کے افراد خانہ کی مار پیٹ بھی کی گئی۔ مقامی نوجوانوں نے یہ مناظر دیکھ کر فورسز پر پتھرائو شروع کردیا اور طرفین کے درمیان پر تشدد جھڑپیں شروع ہوگئیں۔گرفتار شدہ نوجوانوں کے نام فیصل بشیر ، فیصل نذیر اور عامر حسین کے بطور ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق جب فورسزنے گرفتار شد گان کو گا ڑی میں بھر نا شروع کر دیا تومقامی مردوزن کی ایک بڑی تعداد گھروں سے باہر آئی اور احتجاجی مظاہرے شروع کئے۔اس کے بعد فوجی اہلکار لوگوں پر ٹوٹ پڑے اور نہ صرف انکی ہڈیاں توڑی گئیں بلکہ املاک کو زبردست نقصان پہنچایا گیا۔