بھدرواہ//پولیس کی طرف سے مبینہ طور پر زیادتی کئے جانے کے خلاف ڈرائیوروں نے ڈوڈہ بھدرواہ سڑک پر مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے کئی گھنٹے تک گاڑیوں کی نقل وحمل بند رہی۔ ذرائع نے بتایا کہ منگل کی صبح قصبہ سے قریب 15کلو میٹر دور بھالہ کے مقام پر درجنوں ڈرائیوروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا وہ پولیس پر کورپشن اور زیادتیاں کئے جانے کا الزام لگا رہے تھے۔ انتظامیہ کو احتجاجی مظاہرین کو مطمئن کرنے میں کڑی مشقت کرنا پڑی۔ درجنوں ڈرائیور صبح 8بجے بھالہ کی مین مارکٹ میں جمع ہوئے اور پولیس کے خلاف نعرہ بازی شروع کر دی ، انہوں نے ٹائر جلا کر سڑک کو گاڑیوں کے لئے مسدود کر دیا جس کی وجہ سے دونوں طرف طویل قطاریں لگ گئیں۔ ڈرائیوروں کا الزام تھا کہ بھالہ پولیس چوکی کے انچارج اور اس کا ماتحت عملہ آئے روز ان کے ساتھ بد سلوکی اور گالی گلوچ کرتا رہتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز انچارج پولیس چوکی ہذا نے دو کانسٹبلوں کی مدد سے ڈرائیور عاشق حسین کو منی بس سے اتارا اور شدید زد و کوب کیا۔ انہوں نے پولیس افسر کے خلاف کارروائی کی مانگ کی۔ تاہم ایس ڈی پی او بھدرواہ برجیش شرما نے اپنے ماتحت کا دفاع کرتے ہوئے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ چوکی انچارج صرف ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کا پابند بنانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیوروں کی طرف سے احتجاج اپنے قصور کی پردہ پوشی کا ایک حربہ ہے ۔ اس دوران شاہراہ پر 200کے قریب گاڑیاں جمع ہو گئیں اور وہاں پہنچے انتظامی افسران کو ڈرائیوروں کا منانے میں مشقت کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے ڈرائیوروں کو یقین دلایا کہ آئندہ انہیں غیر ضروری طور پر ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ اس طرح3گھنٹے کے بعد ڈرائیوروںنے اپنا احتجاج ختم کیا اور گاڑیوں کو سڑک پر چلنے کی اجازت دی۔