نئی دہلی //انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (آئی ایس آر او) کی جانب سے انسان بردار خلائی مشن کو اگلے 40 ماہ کے اندر بھیجا جائے گا۔یہ خلائی مشن 3 رکنی عملے پر مشتمل ہوگا جو کہ زمین کے نچلے مدار پر 5 سے 7 دن تک قیام کریں گے۔پہلے انسان بردار خلائی مشن کو بھیجنے کا اعلان بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر کیا۔ان کا کہنا تھا ' بھارت ہمیشہ سے خلائی سائنس میں آگے رہا ہے مگر اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جب بھارت کی آزادی کے 75 سال مکمل ہوگئے، یعنی 2022 میں، تو اس وقت انسان بردار خلائی مشن کو بھیجنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی'۔آئی ایس آر او کے اس مشن پر 90 ارب بھارتی روپے خرچ ہوگئے جبکہ اس سے قبل آزمائشی طور پر 2 انسانوں کے بغیر بھی خلائی پروازیں روانہ کی جائیں گی۔اگر بھارت اس مقصد میں کامیاب ہوگیا تو وہ چوتھا ملک بن جائے گا جو انسانوں کو خلاء میں بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔اس وقت یہ اعزاز امریکا، روس اور چین کے پاس ہے۔