عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ہندوستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ہندوستان اورمتحدہ عرب امارات تجارتی سربراہ کانفرنس 10 جنوری 2024 کو منعقد کی گئی۔ متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زائد النہیان گجرات عالمی سربراہ کانفرنس2024 کے مہمان خصوصی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور مضبوط تعلقات پر اظہار خیال کیا۔ افتتاحی اجلاس کے حصے کے طور پر متحدہ عرب امارات بھارت سیپا کونسل (یو آئی سی سی) کی ویب سائٹ کا باقاعدہ طورپر آغاز کیا۔
اس اجلاس میں ہندوستان کے عروج پر اسٹارٹ اَپ کے منظر نامے پر بھی روشنی ڈالی گئی اور اس میں کنال بہل چیئرمین- کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی)نیشنل اسٹارٹ اپ کونسل اور شریک بانی اسنیپ ڈیل اور ٹائٹن کیپٹل کے خطبات کو بھی شامل کیا گیا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت آر دنیش صدر سی آئی آئی اور چیئرمین ٹی وی ایس سپلائی چین سلوشنز لمیٹڈ نے کی اور اس میںموصوف کے کلمات شامل کئے گئے۔ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے وفود حکومت اور صنعت دونوں کے نمائندوں پر مشتمل تھے۔اجلاس میں بھارت مارٹ کے بارے میں ایک پریزینٹیشن بھی دیا گیا، جو ہندوستانی برآمد کاروں کی مدد کیلئے متحدہ عرب امارات میں ہندوستان کی طرف سے ایک مجوزہ گودام کی سہولت ہے۔ ہندوستان-متحدہ عرب امارات کی تجارت،2022 میں بڑھ کر 85 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی تھی، جس سے متحدہ عرب امارات، ہندوستان کا سال 23-2022کے لیے تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا برآمداتی ملک بن گیا ہے۔ دونوں ممالک2030 تک 100ارب امریکی ڈالر کی، تیل کے علاوہ چیزوں کی تجارت کے نشانے کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات-ہندوستان تجارتی سربراہ کانفرنس باہمی ترقی اور خوشحالی کیلئے، ہندوستان-متحدہ عرب امارات دو طرفہ اقتصادی تعلقات میں تیزی لانے کی جانب ایک اور قدم ہے۔