سرینگر// وزیر اعظم ہند نریندرمودی کی طرف سے چنانی ناشری ٹنل کو کشمیر کیلئے اقتصادی راہداری قرار دینے کے بیان کو ایک بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ اس طرح کی بیان بازی سے ریاست کے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹنل کا واحد مقصد فوج کی کشمیر آمد کو آسان کرنا ہے کیونکہ اس سے قبل انکو پتنی ٹاپ عبور کر کے آنا پڑتا تھا۔ مودی نے اس ٹنل کے افتتاح کو اقتصادیات سے جوڑنامذاق ہے۔ مودی کی طرف سے سیاحت کے فروغ کی باتوں کو مفروضہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں سیاحت کا 95 فیصد فائدہ تو بھارت کے لوگوں کو ہی پہنچتا ہے۔وادی پر تو سیاحت کے اثرات صرف یہ مرتب ہوتے ہیں کہ یہاں کا تمدن بگڑتا ہے اور مسلم اکثریتی تشخص پامال ہوجاتا ہے۔سیاحت کی سیاست سے یہاں اخلاقی تنزل ہی پروان چڑھتا ہے اور یہی بھارت کا اصل منشا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو بے وقوف بنانے کا دور گزر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی اقتصادیات کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت برباد کر دیا گیا ہے۔ ہماری اقتصادیات تو زراعت ، باغبانی اور چھوٹی صنعتوں پر مشتمل تھی لیکن بھارت نے ان شعبوں کو ہی تباہ کردیا تاکہ کشمیر کو خود کفیل نہ رہنے دیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہمارے وسائل کی لوٹ جاری ہے اگر ان سیکٹروں کو پنپنے کا موقع دیا جاتا تو آج ہم خود کفیل ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ 2016۔2026 انڈسٹریل پالیسی کا مقصد ہی ریاست میں بھارت کے بڑے صنعتی گھرانوں کو داخل کرنا ہے تاکہ یہاں کے وسائل کو تاراج کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے تعمیر و ترقی کی ایک ہی راہ ہے اور وہ ہے بھارت سے مکمل آزادی۔