لنگیٹ//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی انجینئر رشید نے نئی دلی کو یاد دلایا ہے کہ جموں و کشمیر میں جاری تحریک مزاحمت نہ تو کسی فرد یا جماعت کی پید ا کردہ تحریک ہے اور نہ ہی پاکستان کے اشارے پر کشمیری ہر محاذ پر روز بیش بہا قربانیاں دیتے ہیں ۔ قلم آباد لنگیٹ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ موجودہ عوامی شورش ایک ایسی شعوری تحریک ہے جس کی جڑیں بہت گہری ہیں ۔ انجینئر رشید نے کہا ”مزاحمتی قیادت پر آئے روز کردار کشی کرکے نئی دلی اپنی تحقیقاتی اور خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے کشمیریوں کو موجودہ تحریک سے متنفر کرنا چاہتی ہے لیکن اسے سمجھنا ہوگا کہ کشمیریوں کا مقدمہ ہر لحاظ سے مضبوط ہے ۔ جس طرح نئی دلی آئے روز چلا چلا کر کہتی ہے کہ وہ کسی بھی ایسی جماعت یا شخص کے ساتھ با ت چیت نہیں کرے گی جو مسئلہ کے ہندوستانی وفاق کے باہر حل کی بات کرے اُس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ جیسے کشمیری بات چیت کیلئے بھیک مانگ رہے ہیں ۔ دراصل نئی دلی کو معلوم ہے کہ جب تک ہندوستان اپنی ہٹ دھرمی چھوڑ کر تنازعہ کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرکے کسی آبرومندانہ حل کیلئے تیار نہیں ہوگا کوئی بھی مخلص کشمیری ہندوستان کے بہکاوے میں آکر نام نہاد بات چیت کیلئے سامنے آکر خود کو اپنے عوامی کے سامنے بے اعتبار کرنے کیلئے تیار نہیں ہوگا جب تک نہ نئی دلی اصل حقیقت کو ماننے کیلئے تیار ہوگی تب تک کشمیر مسئلہ کی خاطر آواز اٹھانے والا ہر فرد اور ہر شخص ہندوستان کی نظروں میں پاکستانی ایجنٹ اور ملک دشمن قرار پائے گا“۔ انجینئر رشید نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انتشاری قوتوں سے خبردار رہ کر مکمل اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرے اور نئی دلی کی ہر چال کے پیچھے چھپے اصل عزائم کا باریک بینی سے تجزیہ کرےں۔