اٹلی//کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کے کنونیئر،ممبرقانون ساز اسمبلی مظفر آبادو سابق امیر جماعت اسلامی عبد الرشید ترابی نے کہا کہ کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے تمام پر امن راستے اور ذرائع استعمال کئے لیکن ہندوستان کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہ مسئلہ 70سال گزرنے کے باوجود بھی حل طلب ہے ۔ترابی اٹلی کی حکمران جماعت کے ممبر پارلیمنٹ گوعیدو گالپیرتی سے تبادلہ خیال کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ اٹلی کی حکومت اور عوام سے اہل کشمیریہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھیں گے ۔انہوںنے اٹلی کے ممبر پارلیمنٹ کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے ممبر پارلیمنٹ کو بتایا کہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے نہ صرف خطے کا امن خطرے میں ہے بلکہ یورپی ممالک کے مفادات اور امن بھی خطرے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر یورپین ممالک بھارت پر سیاسی و سفاتی دبائو ڈالیں تو مذاکرات کیلئے راہ ہمورا ہوسکتی ہے ۔اس موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے سینئر نائب صدر محمد شریف، بریشا کے صدر تنویر قادر، میڈیا کے ذمہ دار حافظ بلال اور دیگر رہنما بھی موجودتھے ۔اس موقع پر ممبر پارلیمنٹ گوعیدو گالپیرتی نے کہا کہ ہندوستان کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق فراہم کرے ۔