اسلام آباد //پاکستان کے قومی سلامتی مشیر جنرل(ریٹائرڈ) ناصر جنجوعہ نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ تنائو پر قابو پانے کیلئے پس پردہ سفارتکاری ہورہی ہے۔ناصر جنجوعہ نے ایک انٹرویو کے دوران دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے روایتی حریف بھارت کے ساتھ پس پردہ سفارتکاری جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ مذاکرات کے ذریعے آپسی تعلقات میں پائی جارہی کشیدگی پرقابو پایا جاسکے اور دونوں ملکوں کے مابین تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل تلاش کیا جائے۔ان کا کہنا تھا’’پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت دیگر بنیادی مسائل پر بھارت کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہے، بھارت کو بھی بہر حال اپنے مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے مذاکرات کی میز پر آنا ہی ہوگا‘‘۔ جنرل(ریٹائرڈ) ناصر جنجوعہ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں انجام دے رہا ہے اور تمام پڑوسی ممالک کشمیر میں بے گناہوں کے قتل عام کی مذمت کرتے آئے ہیں۔