عظمیٰ نیوز سروس
گوہاٹی// مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ملک کو دراندازوں سے آزاد کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرے گی۔ شاہ نے آسام کے پہلے غیر کانگریسی وزیر اعلیٰ گولاپ بَوربورا کی صد سالہ پیدائش تقریب کے موقع پر گوہاٹی میں منعقد ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی پر وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب میں اعلان کردہ مرکز کا اعلیٰ سطحی مردم شماری مشن ملک کی آبادی کے ڈھانچے کا مطالعہ کرنے اور دراندازوں کی نشاندہی کرنے کی سمت میں ایک فیصلہ کن قدم ہے۔انہوں نے کہا، ’’ہم نے آسام سے وعدہ کیا تھا، لیکن دس برسوں میں اسے پورا نہیں کر پائے۔ لیکن ہم اپنا وعدہ نبھائیں گے اور آسام کے ساتھ ساتھ پورے ملک کو غیر قانونی غیر ملکیوں سے آزاد کریں گے۔‘‘ شاہ نے کہا، ’’میں ان لوگوں میں سے ہوں جو مانتے ہیں کہ ہمارے ملک میں ایک بھی درانداز نہیں رہنا چاہیے۔‘‘ مرکزی وزیر داخلہ نے یاد دلایا کہ کس طرح مارچ 1978 سے ستمبر 1979 تک ریاست میں جنتا پارٹی کی حکومت کی قیادت کرنے والے بَوربورا نے منگل دئی لوک سبھا سیٹ کے ضمنی انتخاب کے موقع پر ووٹر فہرست کو درست کرنے کی مہم شروع کی تھی۔ انہوں نے کہا، ’’کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹ نہ ہونے کے باوجود بَوربورا حکومت نے 36,780 غیر قانونی غیر ملکیوں کے ناموں کا پتہ لگایا اور اس ووٹر لسٹ کی تطہیر کو آسام آندولن کی شروعات مانا جا سکتا ہے۔‘‘امیت شاہ نے کہا، ’’الیکشن کمیشن اب خصوصی گہری جانچ (SIR) کے ذریعے ووٹر لسٹ کی صفائی کر رہا ہے، لیکن کچھ جماعتیں اس کی مخالفت کر رہی ہیں۔ یہ آج کی سیاست میں اخلاقی زوال کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر بَوربورا زندہ ہوتے تو وہ SIR کے عمل کی مخالفت کرنے والی جماعتوں کے خلاف احتجاج کرتے۔