اسلام آباد//پاکستان نے بھارت کوجامع مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی سیاسی ،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رہے گی۔پاکستانی دفترخارجہ ترجمان ڈاکٹرفیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان جامع مذاکرات کےلئے تیار ہے لیکن بھارت راہ فرار اختیار کررہا ہے۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج نے صرف 2 سے3 دن کے اندر 20 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کوجاں بحق کردیا، جن کی عمریں 19 سے27 سال تھی۔انہوں نے کہاکہ جاں بحق ہونے والوںمیں حفاظ کرام اور ایم فل اسکالرز بھی شامل تھے۔ پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان کاکہناتھاکہ ان ہی 2روز میں فورسز نے پیلٹ گنز کا استعمال کرکے 40 افراد کو بینائی سے محروم کیا اور متعددکشمیری زخمی ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ان مظالم نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ڈاکٹرفیصل نے الزام لگایاکہ بھارت جان بوجھ کر کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنارہا ہے اور ان کا حوصلہ توڑنے کےلئے ان پر مظالم ڈھا رہا ہے جس کی پاکستان شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ کابینہ نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کی قرار داد منظور کی اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کشمیر کی کشیدہ صورتحال کے حوالے سے دنیا کے اہم ممالک میں نمائندہ وفود بھیجے گا۔پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے تاہم کہاکہ اسلام آبادکامذاکرات کے حوالے سے موقف واضح ہے اوروہ یہ کہ پاکستان مذاکرات سے نہیں بھاگ رہا بلکہ ہروقت تیار ہے لیکن بھارت مذاکرات سے راہ فرار اختیار کررہا ہے۔اس دوران پاکستانی دفترخارجہ میں کشمیر میں ہونے والے مبینہ بھارتی مظالم اور کشیدہ صورتحال کے بارے میں پاکستان میں تعینات غیرملکی سفیروں کو بریفنگ دی ۔