مظفرآباد//متحدہ جہاد کونسل چیئرمین و امیر حزب المجاہدین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان بات چیت میں سنجیدہ ہے تو جموں کشمیر کے مسئلہ کی متنازعہ حیثیت تسلیم کرے، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کی بنیاد پر قضیہ کو حل کرنے کیلئے سہ فریقی مزاکرات پر آمادہ ہو تو جہادی قیادت بھرپور تعاون کرے گی،امیر حزب نے مظفرآباد میں گزشتہ روزافطار اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کا مہینہ شروع ہوتے ہی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اوربھارتی وزیرداخلہ نے جنگ بندی کااعلان کرنے کے ساتھ ساتھ بات چیت کا راستہ اختیارکرنے کا جو مشورہ دیا ہے اس کو ہم خوش آمدید کہتے ہیں، بشرطیکہ اس میں نیک نیتی اور دیانتداری شامل ہو۔ ان کا کہنا تھا کے بھارت نے 70 برسوں میں جو زخم جموں کشمیر کے عوام کو دیئے وہ بہت گہرے ہیں، اب نام نہاد اعلانات پر یقین نہیں کیاجاسکتا۔ انکا کہنا تھا کہ بھارت اگر بات چیت میں سنجیدہ ہے تو اسے اب جموں کشمیر کے عوام کے جذبات، احساسات اور قربانیوں کوتسلیم کرنا ہوگا۔ صلاح الدین نے متحدہ حریت قیادت اور عوام کو کمرتوڑ مظالم کاہمت، شجاعت اوردلیری سے مقابلہ کرنے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی جموں کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے ،اس حق کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔