اسلام آباد //پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کو بارہا خبردار کرچکے ہیں کہ وہ پاکستانی عسکری حوالے سے کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم و بربریت کی داستان رقم کی ہے اور مسلسل کررہا ہے گزشتہ صرف ایک ہفتے میں 9 بے گناہ افراد کو جاں بحق کردیا گیا اور 12 افراد پیلٹ گنز کا نشانہ بنے ۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں کو ظلم و تشدد سے زیر کرنا چاہتا ہے لیکن کشمیری کسی صورت بھی اپنے حق خود ارادیت کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو بھی چاہیے کہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر کے علاوہ خطے کے امن کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے اور لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے ہم نے بھارت کو بارہا خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھول میں نہ رہے اور یہ بھی بتا چکے ہیں کہ بھارت پاکستان کی عسکری طاقت کے بارے میں بھی کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت افغانستان میں ڈبل گیم کررہا ہے اور پاک افغان تعلقات خراب کرنے میں بھی بھارت ہی ملوث ہے، بھارت پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال کررہا ہے امریکا کے مدر آف بمز حملے میں 13 بھارتیوں کی ہلاکت اور اس پر بھارت کی درخواست نہ دینا اس بات کا واضح ثبوت ہے۔