سرینگر// لبریشن فرنٹ(حقیقی) چیئرمین جاوید احمد میر نے شہر خاص میں ایک تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے وزیر خزانہ ارن جیٹلی سے مخاطب ہو کر کہا کہ ’آپ کی حکومت جموں کشمیر میں پُر امن عوام کوطاقت کے بل پے کچل رہی ہے ‘۔ جاوید میر نے کہا ارن جیٹلی کو یہ جان لینا چاہئے کہ تنازعہ کشمیر برطانیہ اور عالمی طاقتوں کی پیداوار ہے جن کا مُنہ بند کرنے کے لئے بھارت کی حکومت کو 1947 سے اربوں ڈالر کے پیکیج دینے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کشمیری عوام نے عالمی برادری کا توجہ مرکوز کرنے کے لئے 7 دہائیوں سے اپنا گرم گرم لہو پیش کیا مگر عالمی برادری نے صرف مفادات کو مد نظر رکھ کر اپنی نئی نسلوں کا مستقبل بنانے کیلئے ہماری قربانیوں کو اپنے ملکوں کے لئے صرف کیا۔ جاوید میر نے کہا بی جے پی کی حکومت اسرائیلی طرز کی پالیسی اپنا کر تنازعہ کشمیر کی اصل حقیقت کو ختم نہیں کر سکتی ہے کیونکہ بھارت کی تمام حکومتوں نے پچھلے سات دہائیوں سے اپنے ہمسایہ ملک پاکستان اور کشمیری حریت پسند قیادت سے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کی قسمیں کھائی ہیں اور وعدے بھی کئے ہے۔ جاوید میر نے پچھلے ہفتے کے دوران حاجن ، بانڈی پورہ ، ترال میں مارے گئے حریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔