یو این آئی
سنت کبیر نگر//اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دنیا ایک نئے ہندوستان کا دیدار کررہی ہے جہاں وراثت اور ترقی دونوں نے ہندوستان کو عالمی پہچان دی ہے۔ نیا ہندوستان پوری دنیا کو اپنی طاقت کا احساس کررہا ہے۔ضلع سنت کبیر نگر ضلع کے مشہور شیو مندر تمیشورناتھ دھام میں پوجا کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرنے سے پہلے یوگی نے ضلع میں 1,515 کروڑ روپے کے 528 پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہا ’’آج ہمارا ملک بدل گیا ہے، ہم ایک نیا ہندوستان دیکھ رہے ہیں۔ ہندوستان جو ایک بھی ہے اور بہترین بھی۔ ایک ایسا ہندوستان جو اپنی وراثت کے سفر پر بغیر رکے،بغیر جھکے بغیر آگے بڑھ رہا ہے‘‘۔اس موقع پر انہوں نے تمیشورناتھ میں راہداری کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا’’میں یہاں کی ضلعی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں تمیشور ناتھ دھام کے دورے کی ایک طویل عرصے سے خواہش تھی، جو آج میں پورا کر سکا‘‘۔یوگی نے کہا10 سال پہلے، لوگوں کو یقین نہیں تھا کہ ہندوستان سینا تان کر کھڑا ہو پائے گا۔ یہ ایک خواب تھا کہ ہمارے پاس ہائی ویز، ریلوے، میٹرو، آبی گزرگاہیں یا فضائی راستے جیسے عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ ہوگا لیکن آج ہم اس کی اصلی شکل دیکھ سکتے ہیں۔ ہندوستان کا سب سے بڑا ایکسپریس وے نیٹ ورک یوپی کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہندوستان کو 2047 میں دنیا کی سب سے بڑی طاقت بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے، یہ تب ہی ہوگا جب 140 کروڑ لوگ اپنا کام ایمانداری سے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ نیا ہندوستان دنیا میں اپنی طاقت کا احساس کرا رہا ہے۔ آپ نے 10برسوں میں ہندوستان کو بدلتے دیکھا ہے۔