اسلام آباد//وزارتِ دفاع کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کے ساتھ کسی بھی طرح کی جارحیت کرنے کی کوشش کی تو اسے اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر بھارت کو اس کے خیال، پیمانے اور جگہ سے قطع نظر کسی بھی جارحیت، غلط اندازے یا مہم جوئی کی صورت میں بھرپور جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ نئی دہلی کو اسلام آباد پر بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگانے کے بجائے پاکستان مخالف ریاستی اسپانسر جاسوسی کا جواب دینا چاہیے۔بیان میں کہا گیا کہ دنیا کے سامنے بلوچستان سے گرفتار ہونے والا ’را‘ کا افسر کلبھوشن یادیو زندہ ثبوت ہے۔وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے قول و فعل سے خطے میں عدم توازن پیدا کر رہا ہے، جہاں وہ ایک جانب ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے بے بنیاد بیانات دے رہا ہے اور وہیں اس نے لائن آف کٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری پر گزشتہ برس غیر مسلح عام شہریوں پر پانچ گناہ زیادہ حملے کیے جس میں متعدد شہری مارے گئے۔بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج ہر طرح کی جارحیت سے نمٹنے اور ملکی سالمیت کے دفاع کے لیے بھرپور انداز میں تیار ہے، اور پاکستانی قوم کی حمایت سے مسلح افواج زمین، سمندر اور فضا میں ہر وقت چوکنا ہے اور پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گی۔پاکستان مخالف حکومت کے زیر اثر اگر بھارت کی جانب سے کسی مہم جوئی کا آغاز ہوا تو وہ جنوبی ایشیا کے استحکام پر بری طرح اثر انداز ہوگا۔