سرینگر//محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر ، نائب صدر قطب عالم نے مشترکہ بیان میں ہایہامہ کپوارہ میں 6سالہ کنیزہ کی جھڑپ کے دوران ہوئی موت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز عسکریت پسندوں کے خلاف معصوم لوگوں خاصکر بچوں اور خواتین کو انسانی ڈھال کے طور استعمال کر رہے ہیں جو 1949کے جینوا کنونشن کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیر میں نا بالغ بچوں کو گرفتار کرکے حقوق اطفال کی بھی سخت خلاف ورزی کر رہاہے اور در اصل بھارت نفسیاتی طور کشمیر میں جنگ ہار چکا ہے ۔انہوں نے حیدرپورہ میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں فوٹو جرنلسٹوں کی مارپیٹ کی سخت مذمت کی ۔میر محمد اقبال نے پاکستان کے کچھ حلقوں کی طرف سے گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں صوبہ قرار دینے کی کوشش کو غیر منطقی اور غیر معقول عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مسئلہ کشمیر پر منفی اثرات پڑسکتے ہیں اور ایسی کوششوں سے بھارت کو سفارتی سطح پر مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ایک مضبوط دھار مل سکتی ہے جو کشمیر کیلئے ایک نقصان دہ عمل ثابت ہو سکتی ہے۔