یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ 21ویں صدی کے ’ترقی یافتہ ہندوستان‘کیلئے ملک کے ہر شعبے، ہر بلندی میں ، زندگی کے ہر پہلو میں دن رات کام کرنے کیلئے بہترین قیادت کی ضرورت ہے جسے عالمی سوچ اور مقامی ترقی کے خیال پر کام کرنا چاہئے۔ مودی نے یہاں بھارت منڈپم میں اسکول آف الٹیمیٹ لیڈرشپ (سول) کنکلیو کے پہلے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔ بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ ٹوبگے بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔اپنے خطاب میں مودی نے کہا ’’کچھ ایسے واقعات ہیں جو دل کے بہت قریب ہیں اور آج کا پروگرام، روح لیڈرشپ کنکلیو بھی ایک ایسا ہی پروگرام ہے۔ قوم کی تعمیر کیلئے شہریوں کی ترقی ضروری ہے، قومی تعمیر انفرادی ترقی کے ذریعے حاصل کی جاتی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ جن سے جگت تک اگر کوئی بلندی حاصل کرنی ہے تو اس کی شروعات عوام سے ہوتی ہے۔ ہر شعبے میں بہترین لیڈر تیار کرنا بہت ضروری ہے اور وقت کی ضرورت ہے۔ اس لیے سول کا قیام ‘ترقی یافتہ ہندوستان کے ترقی کے سفر میں ایک بہت اہم اور بڑا قدم ہے۔انہوں نے کہا سوامی وویکانند ہندوستان کو غلامی سے نکال کر تبدیل کرنا چاہتے تھے اور ان کا ماننا تھا کہ اگر ان کے پاس سو ل لیڈر ہوں تو وہ نہ صرف ہندوستان کو آزادی دلا سکتے ہیں بلکہ اسے دنیا کا نمبر ایک ملک بھی بنا سکتے ہیں۔ ہم سب کو اس منتر کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ آج ہر ہندوستانی 21ویں صدی کے ‘ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے دن رات کام کر رہا ہے۔ ایسے میں 140 کروڑ آبادی والے ملک میں بھی ہمیں زندگی کے ہر شعبے، ہر بلندی اور ہر پہلو میں بہترین قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا “مشترکہ مقصد کی ہماری آزادی کی لڑائی سے بہتر کوئی مثال نہیں ہو سکتی… آج ہمیں آزادی کے جذبے کو زندہ کرنا چاہئے اور اس سے متاثر ہو کر آگے بڑھنا چاہیے،اگر آپ خود کو ترقی دیتے ہیں، تو آپ ذاتی کامیابی کا تجربہ کر سکتے ہیں۔ اگر آپ ایک ٹیم تیار کرتے ہیں، تو آپ کی تنظیم ترقی کا تجربہ کر سکتی ہے۔ اور اگر آپ لیڈر تیار کرتے ہیں، تو آپ کی تنظیم بہت تیز رفتاری سے مثر طریقے سے ترقی کر سکتی ہے۔ “وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی حکمرانی اور پالیسی سازی کو عالمی معیار کا بنانا ہے۔ یہ تبھی ممکن ہو گا جب ہمارے پالیسی ساز، نوکرشاہی، کاروباری افراد عالمی بنیاد کے نظام سے جڑ کر اپنی پالیسیاں بنائیں گے اگر ہمیں ترقی یافتہ ہندوستان بنانا ہے، تو ہمیں تمام شعبوں میں آگے بڑھنا ہو گا ہمیں نہ صرف بہترین کارکردگی کی تمنا کرنی ہوگی بلکہ اسے حاصل کرنا ہوگا۔
بھاگلپور سے کسان سمان ندھی تقسیم کریں گے
یو این آئی
نئی دہلی//زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پیر کو بہار کے بھاگلپور سے کسان سمان ندھی کی 19ویں قسط جاری کریں گے اور 22000کروڑ روپے کی رقم تقسیم کریں گے۔یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دیتے ہوئے چوہان نے کہا کہ 24فروری کو بھاگلپور میں ملک گیر کسان سمان سماروہ کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں وزیر اعظم مودی مہمان خصوصی ہوں گے۔چوہان نے کہا کہ کسان سمان ندھی کی 19ویں قسط میں 22,000کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم براہ راست کسانوں کو ان کے بینک کھاتوں میں بھیجی جائے گی۔ ملک بھر میں تقریباً 9.80کروڑ لوگوں کو یہ رقم ملے گی۔قابل ذکر ہے کہ کسان سمان یوجنا کی آخری 18 ویں قسط میں کسانوں کو 20,665 کروڑ روپے دیے گئے تھے۔