کولگام//امریکی انتظامیہ کے ہندوپاک تعلقات اور کشمیر سے متعلق تازہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے نئی دلی کو انا اور ضد چھوڑ کر ایک پُرامن اور ترقی یافتہ جنوب ایشیاء کو ممکن بنانے میں مدد دینے کے لئے کہا ہے۔کولگام کے کھئی جوگی پورہ، چڑر اور دیگر کئی مقامات پر سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ لوگوں کے ساتھ تبادلۂ خیال کرنے کے دوران انجینئر رشید نے کہاکہ کشمیری عوام ہندوپاک تنازعہ کے سب سے زیادہ شکار ہیں اور انہیں بہت زیادہ سہنا پڑ رہا ہے لہٰذا وہ ہر اس آواز اور اقدام کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ جس سے تنازعہ کشمیر کا پُرامن اور قابل قبول حل نکلنے میں مدد ملنے کی توقع ہو۔ میٹنگوں کے اختتام پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ چونکہ وزیر اعظم مودی کو ملک میں ایک موثر اور بھاری منڈیٹ ملا ہوا ہے اور دوسری جانب پاکستان ہمیشہ ہی کشمیر کاز کی حمایت کرتا رہا ہے لہٰذا دونوں کے پاس امریکی تجویز یا پیشکش کو قبول نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔