جموں//عوامی رائے کے برعکس اور ناقص موبائل نیٹ ورک رابطے کے الزامات کے باوجود بھارت سنچارنگم ہرروز500 اپنے نئے صارفین جوڑرہی ہے۔ یہ اعدادوشمار بی ایس این ایل کی طرف سے آرٹی آئی کارکن رمن شرماکی طرف سے دائرکی گئی آن لائن آرٹی آئی درخواست کے جواب میں جاری کیے ہیں۔ بی ایس این ایل کے پبلک انفارمیشن آفیسر سنیل شرما جوکہ کمپنی ہذاکے ڈی جی ایم(سی ایم) بھی ہیں نے اطلاعات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ سال یکم مارچ2016 سے 28 فروری 2017 تک کمپنی کے ساتھ 182422 نئے صارفین بشمول 91249 پری پیڈ اور 91173 پوسٹ پیڈ صارفین جڑے جس کامطلب ہے کہ بی ایس این ایل ہرروز 500 نئے موبائل صارفین اپنے ساتھ جوڑرہاہے۔عرضی گذارکی جانب سے پوچھے گئے سوال کہ گذشتہ سال مثلاًیکم مارچ 2016 تا 28 فروری 2017 کے دوران بی ایس این ایل حکام کو ناقص موبائل رابطہ سروس /کال ڈراپ سے متعلق کل کتنی شکایات موصول ہوئیں کے جواب میں بتایاکہ کال ڈراپ سے متعلق کل 487 شکایات موصول ہوئیں لیکن کمپنی نے ناقص سروس سے متعلق موصول ہوئی شکایات کی اطلاع فراہم کرنے سے گریز کیا۔قابل ذکرہے کہ ایک دیگرآرٹی آئی عرضی کے جواب میں بی ایس این ایل نے اعتراف کیاہے کہ گذشتہ گیارہ مہینوں کے دوران کمپنی کو ناقص سروس سے متعلق 5200 شکایات موصول ہوئی ہیں۔آرٹی آئی عرضی کے جواب میں یہ بھی انکشاف ہواہے کہ اس وقت مذکورہ پبلک سیکٹرکمپنی کے کُل صارفین کی تعداد 1456812 ) 1064886پری پیڈ اور 391926 پوسٹ پیڈ ) ہیں۔اس کے علاوہ یہ بھی پتہ چلاہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران ہر ہفتے 110 بی ایس این ایل صارفین نے MNP (موبائل نمبر پورٹیبلٹی ) کوترک کرکے دوسری کمپنیوں کے نیٹ کے استعمال کوشروع کیاہے جس کے نتیجے میںبسنل نے اس عرصے میں 5756 صارفین کھوئے ہیں جبکہ اس عرصے میں دوسری کمپنیوں کے محض 2570 صارفین نے ہی بی ایس این ایل کے ساتھ رشتہ جوڑا ہے۔