سرینگر//سالویشن مومنٹ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام تب تک کسی بھی ہندوستانی وزیر اعظم کے دورئہ ریاست پر مکمل ہڑتال کرتے رہیں گے جب تک نہ بھارتی لیڈرشپ پنڈت جواہر لال نہرو کے کشمیریوں کے تئیں ان وعدوں کو پورا کرے گاجن میں یہاں کے لوگوں کو رائے شماری دینے کا وعدہ کیاگیا ہے۔پارٹی چیئرمین ظفراکبر بٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترقیاتی پروجیکٹوں سے مسئلہ کشمیر کی نوعیت اور حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی تنازعہ کشمیر کے متعلق عالمی برادری کو ان دوروں سے گمراہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا دورئہ جموں و کشمیر اس وقت ہورہا ہے جب کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہند کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور منصفانہ حل کیلئے مؤثر اقدام کرے اور سہ فریقی مذاکرات کا آغاز کریں۔