یو این آئی
نئی دہلی//ہندوستان، ازبکستان کی مشترکہ فوجی مشق دستلک6آج اوندھ میں غیر ملکی تربیتی مرکز میں شروع ہو گئی۔ یہ مشق 16 سے 28 اپریل 2025 تک جاری رہے گی۔ ہند ستانی دستے کی نمائندگی 60 اہلکاروں پر مشتمل جاٹ ریجمنٹ کی ایک بٹالین اورہند ستانی فضائیہ ( آئی اے ایف)کر رہی ہے۔ ازبکستان کی طرف سے ازبک فوج کے اہلکار اس مشق میں شرکت کر رہے ہیں۔ مشترکہ مشق دستلک 6ایک سالانہ تربیتی مشق ہے ، جو باری باری ہندوستان اور ازبکستان میں منعقد کی جاتی ہے۔ پچھلی بار مشق اپریل 2024 میں ازبکستان کے تِرمز ضلع میں منعقد ہوئی تھی۔اس مشق کا موضوع نیم شہری منظر نامے میں مشترکہ کثیر جہتی غیر روایتی کارروائیاں ہے ۔ اس کا مقصد ایسے دہشت گردانہ حملے کے ردعمل کی مشق کرنا ہے ، جس میں کسی مخصوص علاقے پر قبضہ کر لیا گیا ہو۔ اس کے تحت بٹالین کی سطح پر ایک مشترکہ آپریشنز سینٹر کا قیام، انسداد دہشت گردی کارروائیاں جیسے کہ آبادی پرکنٹرول، چھاپے، تلاش اور نشانے کو تہس نہس کرنے کی کارروائیاں اور فضائی طاقت کے استعمال سے دہشت گردوں کا خاتمہ شامل ہے۔
فوج اور فضائیہ کے خصوصی دستے ، مشق کے دوران ایک ہیلی پیڈ کو محفوظ بنائیں گے تاکہ اسے مزید کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ مشق میں ڈرونز کی تعیناتی، انسداد ڈرون اقدامات اور فضائیہ کی جانب سے دشمن کے علاقوں میں فورسز کی معاونت کے لیے لاجسٹک سپورٹ بھی شامل ہو گی۔ اس کے علاوہ ہیلی کاپٹروں کو نگرانی، مشاہدہ، خصوصی ہیلی بورن آپریشنز ( ایس ایچ بی او ) ، چھوٹے دستوں کا داخلہ و انخلا ( ایس ٹی آئی ای ) اور دیگر مخصوص مشنوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔مشترکہ مشق دستلک-6 دونوں فریقین کو غیر روایتی مشترکہ کارروائیوں کے طریقہ کار، تکنیک اور حکمت عملی کے تبادلے کا موقع فراہم کرے گی۔ یہ دونوں افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی، دوستانہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مشق دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی اور دونوں دوست ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں اضافہ کرے گی۔