رانچی/ شاندار فارم میں کھیل رہی ٹیم انڈیا اپنی فاتحانہ مہم کو سنیچر سے یہاں آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی ٹوئنٹی۔ٹوئنٹی سیریز میں بھی جاری رکھنے کے مقصد کے ساتھ اترے گی۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین تین ٹوئنٹی ۔۰۲ میچ کی سیریز کھیلی جانی ہے جس کا پہلا میچ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے گھریلو میدان رانچی میں ہوگا ۔ پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں چار۔ایک کی شاندار کامیابی کے بعد میزبان ٹیم کی پوری کوشش رہے گی کہ وہ اس فارم کو ٹوئنٹی ۔۰۲ میں بھی جاری رکھے ۔ ہندوستانی ٹیم بلے بازی اور گیندبازوں دونوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ہندوستان کے اسپنروں میں چائنا مین گیندباز کلدیپ یادو، یجوندر چہل، اکشر پٹیل نے اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ تیزگیندبازوں میں ہاردک پانڈیا اور بھونیشور کمار نے متاثر کیا تھا لیکن ٹیم میں شامل کیے گئے تجربہ کار تیزگیندباز آشیش نہرا توجہ کا مرکز رہیں گی۔ ۸۳ سالہ نہرا کو ٹوئنٹی ۔۰۲ میں شامل کیے جانے پر سیلکٹروں کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے ایسے میں ان پر بھی میچ میں اچھی کارکردگی کے ساتھ خودکی موجودگی کو ثابت کرنے کا چیلنج رہے گا۔ نہرا نے آخری مرتبہ قومی ٹیم کی طرف سے اس سال فروری میں انگلینڈ کے خلاف اس فارمیٹ میں کھیلا تھا۔ اس کے علاوہ بلے باز دنیش کارتک کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ سلامی بلے باز اجنکیا رہانے کو باہر رکھے جانے کے فیصلے پر سوال اٹھے تھے ۔وراٹ کوہلی کی قیادت میں ٹیم انڈیا پچھلے کافی وقت سے اچھی فارم کو برقرار رکھے ہوئے ہے ۔ ٹیم میں شامل تجربہ کار کھلاڑی نہرا ڈیتھ اوور وں میں اچھی گیندبازی کرتے ہیں جبکہ بھونیشور اور بمراہ پر تیزگیندبازی کی ذمہ داری رہے گی۔ نہرا نے اپنے ۶۲ بین الاقوامی ٹی ۰۲ میچوں میں ۴۳ وکٹ حاصل کیے ہیں اور آئی پی ایل کے کامیاب گیندباز رہے تھے ۔اس کے علاوہ ٹیم انڈیا کے پاس پہلے سے ہی کئی ایسے بہترین کھلاڑی ہیں جو میچ جیتانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔آل راونڈر ہاردک پانڈیا بلے اور گیند دونوں سے بہترین کارکردگی پیش کررہے ہیں۔پانڈیا ون ڈے سیریز میں مین آف دی سیریز رہے تھے اور انہوں نے چھ وکٹ کے ساتھ 55.50 کی اوسط سے ۲۲۲ رن بنائے تھے ۔