سرینگر// تحریک حریت ضلع سرینگر کی جانب سے مسجد حمزہؓ امیراکدل سرینگر میں ’’استقبال رمضان‘‘ کے حوالے سے مجلس منعقد ہوئی جس میں تحریک حریت کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی کے علاوہ حافظ بشیر احمد فاروقی اور معراج الدین ربانی نے تقاریر کیں اور رمضان المبارک کی اہمیت، قرآن کی عظمت اور فضلیت پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی،جبکہ نظامت کے فرائض مولانا مدثر احمد ندوی نے انجام دئے۔ اس دینی مجلس میں تحریک حریت کے جن دیگر راہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی ان میں الطاف احمد شاہ، راجہ معراج الدین، محمد رفیق اویسی، مختار احمد صوفی، اشفاق احمد خان، سید امتیاز حیدر، عمر عادل ڈار اور رمیز راجہ بھی شامل ہیں، صحرائی نے صدارتی خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ مسلمانوں کی تربیت کا ایک مکمل کورس ہوتا ہے اور ہمیں اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے اور تمام ناکارہ عادات سے چھٹکارا پانے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن دنیا کے تمام انسانوں کے لیے ہدایت کی کتاب ہے اور یہ کسی خاص قوم، نسل یا گروہ کی میراث نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اس وقت جس صورتحال سے گزر رہے ہیں اس کی بنیادی وجہ بھی یہی ہے کہ ہم قرآن پاک سے بہت دور ہوچکے ہیں اور جب تک نہ ہم اس کتاب ِ ہدایت کی طرف رجوع کریں گے ہماری پریشانیوں کا کوئی مداوا نہیں ہوسکتا ہے۔ جموںو کشمیر کی موجودہ صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے صحرائی نے کہا کہ مظلوم عوام اپنا پاک خون بہا کر اس مقدس مہینے کا استقبال کررہی ہے، لہٰذا اس مقدس خون کا تقاضا ہے کہ ہم اس کی ہر صورت میں حفاظت کریں اور بھارت کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے یکسوئی اور یک رُخی کے ساتھ اس تحریک کا ساتھ دیں اور ایسی ہر اُس حرکت سے اجتناب کریں جس سے تحریک آزادی کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہو۔ آخر پر صحرائی نے کہا کہ ہمیں ناقابل شکست یقین ہونا چاہیے کہ جموں کشمیر بھارت کے تسلط سے آزاد ہوجائے گا ، انشاء اللہ، بزدلی اور نااُمیدی کا شکار ہوئے بغیر جدوجہدِ آزادی کا ساتھ دینا چاہیے۔