سرینگر/پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو بھارتی آئین کی دفعہ370کی منسوخی ناقابل قبول ہے جو جموں کشمیر کو خصوصی پوزیشن عطا کرتی ہے۔
فیصل نے ان خیالات کا اظہاراپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران گذشتہ روز کیا۔
انہوں نے کہا''پاکستان کبھی یہ قبول نہیں کرے گا کہ بھارتی آئین کی دفعہ370کو منسوخ کیا جائے۔ کشمیری عوام بھی ایسا ہونے نہیں دیں گے۔ایسا کشمیری عوام کے حقوق کی پامالی کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکورٹی کونسل کی قرار دادوں کے برعکس ہوگا''۔
بھارتی آئین کے اندر دفعہ370کا اندراج اکتوبر1949کو کیا گیا تھا۔ اس دفعہ کے ذریعے جموں کشمیر کو بھارت میں خصوصی پوزیشن حاصل ہے اور یہ جموں کشمیر کو باقی ماندہ ملک سے مختلف درجہ دیتی ہے۔
اپنی بریفنگ کے دوران فیصل نے اس بات کو لیکر اپنی ناپسندی کا اظہار کیا کہ بھارت نے رواں ہفتے کے پہلے ایام میں کرتارپور کاریڈرو کے بارے میں میٹنگ ملتوی کی۔