سرینگر// بی جے پی یوتھ ضلع صدر شوپیان گوہر احمد بٹ کو جمعہ کی صبح آبائی گائوں بونہ گام میں سپرد خاک کیا گیا۔ گوہر بٹ کی گلا کٹی ہوئی لاش جمعرات کی شام شوپیان کے کلورہ میں ایک میوہ باغ میں پائی گئی تھی۔ان کی نماز جنازہ میں ؛لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے گوہر بٹ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’شوپیان سے تعلق رکھنے والے نوجوان سیاسی کارکن گوہر کی ہلاکت کی مذمت کرتی ہوں۔ میں سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ تشدد کے اس نہ تھمنے والے سلسلے کو رکنا ہوگا‘۔ ادھربی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے گذشتہ رات سلسلہ وار ٹویٹس میں گوہر کی ہلاکت کی مذمت کی۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ’شوپیان میں بی جے پی ضلع صدر گوہر احمد کی سفاکانہ ہلاکت کے بارے میں جان کر انتہائی دکھی ہوا ہوں۔ میں سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں‘۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’بی جے پی کو صدمہ‘‘،صرف تین دن پہلے انہوں نے مجھ سے سرینگر میں ملاقات کی۔ اس کی گلا کٹی ہوئی لاش پائی گئی ہے۔ یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مضبوطی بخش رہی ہے‘۔ ادھر پلوامہ ضلع میں جنگجوئوںکے ساتھ معرکے میں مارے گئے دو جوانوں کو خراج عقیدت ادا کرنے کے لئے بادامی باغ میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں چنار کارپس کمانڈر لیفٹنٹ جنرل جے ایس ساندھو بھی موجود تھے۔