سرینگر// بھا جپا کے ساتھ مخلوط سرکار تشکیل دینے کا دفاع کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ 2015میں بی جے پی کے ساتھ مخلوط سرکار بنانا آسان کام نہیں تھا،جبکہ حکومت سازی کیلئے آسان راہوں کے دستیاب ہونے کے باوجود مفتی محمد سعید نے ریاست کے مسائل کو حل کرنے کیلئے خاردار راستوں کا انتخاب کیا۔ریاست کو موجودہ بحرانی صورتحال سے نکالنے اور مذاکراتی عمل سمیت ترقی کیلئے پی ڈی پی کو ووٹ دینے پر زور دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے سرینگر میں باضابطہ طور پر انتخابی عمل کیلئے مہم سازی کا آغازکیا۔ چرار شریف اور بڈگام کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کے حق میں ووٹوں کو منتقل کرنے کا مطلب یہ ہوگا کہ جموں کشمیر کو موجودہ بحرانی صورتحال سے باہر نکالا جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے ریاست کو بے یقینی کے دلدل سے باہر نکالنے کیلئے کام کیا جبکہ 2002 سے 2005کے مختصر دور اقتدار کے دوران پی ڈی پی نے ہر ایک محاز پر اپنے نقوش چھوڑ دئیے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ پارٹی کے منصہ شہود آنے کے ساتھ ہی پی ڈی پی نے مخصوص سیاسی اور ترقیاتی ایجنڈا پر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پر امید ہے کہ مرکزی حکومت جموں کشمیر سے متعلق بڑے اور جرتمندانہ فیصلے لے گی جس سے جموں و کشمیر مایوسی اور افسردگی کے ماحول سے باہر آئے گی۔ ضمنی انتخابات کو وقار کے ساتھ قیام امن اور ریاست کی تعمیر کیلئے عوامی ایجنڈا کو مستحکم کرنے کیلئے ایک موقعہ قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ انتخابات پارٹی کی طرف سے جموں کشمیر میں مذاکرات کی پہل،ہند وپاک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی بحالی،مزید آر پارسڑکوں کو کھولنے،لوگوں کے درمیان مزیدتعلقات اور روابط کی بحالی سے متعلق ایجنڈا کی توثیق ہے۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ سیاحتی شعبے سے ریاست میں بے روزگاری کو دور کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بڈگام میں کافی سیاحتی صلاحیت موجود ہے جبکہ سرکار نے پہلے ہی اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ یوسمرگ،دودھ پتھری اور توسہ میدان کو خودمختار سیاحتی مقامات کے طور پر پیش کیا جائے۔ تقریب سے پی ڈی پی کے سنیئر لیڈر اور وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا کہ گزشتہ برس نامساعد صورتحال کی وجہ سے کام کرنے کے اوقات کار بھی ختم ہوئے تاہم اس کے باوجود پی ڈی پی کی سربراہی والی سرکار نے گزشتہ2برسوں کے دوران کئی ایک اقدامات اٹھائے گئے۔ اس موقعہ پر تقریب میں عمران رضا انصاری،منتظر محی الدین اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔اس دوران ممبر اسمبلی سونہ وار محمد اشرف میر نے بھی حلقہ کے کئی علاقوں میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے میٹنگوں کا انعقاد کیا جس کے دوران لوگوں کو پی ڈی پی کا ایجنڈا برائے قیام امن اور ترقی گھر گھر پہنچانے کی تلقین کی گئی۔