عظمیٰ نیوز سروس
جموں// یوتھ کانگریس جموں و کشمیر کے سابق صدر اور اس وقت انڈین یوتھ کانگریس ) کے قومی جنرل سکریٹری ادے بھانو چِب نے حالیہ نیٹ گھوٹالے کی سخت مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی کے دور حکومت میں بھرتی کا عمل کھلی نیلامیوں میں بگڑ گیا ہے۔جموں شمالی اسمبلی حلقہ کے وارڈ نمبر 61 میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ادے چب نے بھرتی کے نظام میں پھیلی ہوئی بے ضابطگیوں اور بدعنوانی پر روشنی ڈالی جس نے ملک بھر کے بے شمار نوجوان امیدواروں کے کیریئر اور مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔نیٹ گھوٹالہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں ہے بلکہ گہری جڑوں میں پھیلی بدعنوانی اور جانبداری کی عکاسی ہے جس نے موجودہ بی جے پی حکومت کے تحت بھرتی کے عمل کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاکھوں نوجوان خواہشمندوں کے خواب سب سے زیادہ بولی لگانے والوں کو بیچے جا رہے ہیں۔جموں اور کشمیر کی صورتحال سے متوازی بات کرتے ہوئے ادے چِب نے کہا کہ کئی بھرتی گھوٹالوں نے موجودہ انتظامیہ کے تحت خطے کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’جموں و کشمیر میں، ہم نے متعدد واقعات کا مشاہدہ کیا ہے جہاں بھرتی کے عمل سے سمجھوتہ کیا گیا ہے، جس سے نظام کی سالمیت اور شفافیت پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔ نوجوانوں کو منظم طریقے سے ان کے جائز مواقع سے محروم کیا جا رہا ہے، جس سے بڑے پیمانے پر مایوسی پھیل رہی ہے‘‘۔ادے چِب نے بھرتی کے منصفانہ اور شفاف طریقوں کو یقینی بنانے کیلئے احتساب اور سخت اقدامات کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ملک کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان ناانصافیوں کے خلاف اٹھیں اور ان رہنماؤں کی حمایت کریں جو حقیقی طور پر ان کی فلاح و بہبود کے لئے کھڑے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور راہول گاندھی کی حمایت کریں جنہوں نے نوجوانوں کے مقصد اور ان کی امنگوں کی مسلسل حمایت کی ہے۔