عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بی جے پی جموں و کشمیر کے صدر ست شرما نے راجوری میں پارٹی دفتر میں سینئر رہنماؤں کے ایک اجلاس سے خطاب کیا اور پارٹی کارکنوں کی محنت اور لگن کو سراہا۔اجلاس میں بی جے پی ضلعی صدر دیو راج، راجندر گپتا، دنیش شرما، بھارت وید، اور یوگیش شرما سمیت دیگر سینئر رہنما شریک تھے۔ست شرما نے کہا کہ بی جے پی ایک ایسی جماعت ہے جو ذاتی زندگی کی قربانی دے کر خود نظم و ضبط اور عزم کی متقاضی ہوتی ہے۔ خاص طور پر راجوری جیسے علاقوں میں، جہاں کارکنوں کو دشوار گزار راستوں اور محدود وسائل کے ساتھ تنظیمی کام انجام دینا پڑتا ہے، وہاں ان کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو کئی چیلنجوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن پھر بھی وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورے جوش و خروش اور عزم کے ساتھ نبھاتے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اسی لگن اور جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں، کیونکہ ایک بی جے پی کارکن ہمیشہ قوم اور سماج کی خدمت کے لئے تیار رہتا ہے۔اجلاس کے دوران، ستی شرما نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو تاکید کی کہ ’من کی بات‘ پروگرام ہر بوتھ پر منعقد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں میں علاقے کے تمام بی جے پی رہنماؤں اور معزز مقامی شخصیات کی شرکت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ 6 اپریل کو بی جے پی کا یومِ تاسیس اور 14 اپریل کو ’سمرستا دیوس‘جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے۔ست شرما نے پارٹی کارکنوں کو تاکید کی کہ وہ آنے والے انتخابات کے لیے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔اجلاس میں دیو راج، راجندر گپتا، اور دنیش شرما نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر میں ہر شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائی ہیں تاکہ یہاں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کارکنوں کی سب سے پہلی ذمہ داری ہے کہ وہ وزیر اعظم مودی کے مشن کو آگے بڑھائیں اور عوام کو حکومت کی فلاحی اسکیموں کے بارے میں آگاہ کریں۔