جموں//بی جے پی صدر امت شاہ کے دورۂ ریاست سے چار روز قبل بی جے پی نے ریاستی کابینہ میں شامل تمام وزراء کو دلی طلب کر لیا ہے جہاں آج یعنی منگل کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاست کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔ بی جے پی وزیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پارٹی صدر امت شاہ کے دفترسے تمام وزراء کو انفرادی طور پر ٹیلی فونک پیغامات موصول ہوئے ہیں ۔ اگر چہ وزراء کا کہنا ہے کہ انہیں دلی میں سرکار کی حصولیابیوں کے علاوہ یکطرفہ سیز فائر میں توسیع نہ کرنے کے بعد کے حالات پر غور کرنے کے لئے بلایا گیا ہے تاہم شاہ کے 23جون کے مجوزہ دورہ سے عین قبل وزراء کی دلی طلبی سے چہ میگوئیوں کا بازار گرم ہو گیا ہے ۔ کابینہ میں پھیر بدل کو ابھی دو ماہ بھی نہیں ہوئے ہیں اس طرح وزراء کی طلبی معنی خیز ہو گئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی اعلیٰ کمان اپنے چند وزراء کے کام کاج سے مطمئن نہیں ہے جو اگلے برس ہونے جا رہے عام پارلیمانی انتخابات کو دھیان میں رکھ کر کوئی بھی چانس نہیں لینا چاہتی۔ نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دہلی سے اچانک فون کال موصول ہوئی ، انہوں نے مجھے اور دیگر وزراء کو انفرادی طور پر دلی آنے کیلئے کہا گیاہے ‘۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر وزراء کی کارکردگی کے بارے میں امت شاہ کے ساتھ تبادلہ خیال ہوگا۔واضح رہے کہ امت شاہ 23جون کو جموں کے دور وزۂ دورہ پر آرہے ہیں جس میں وزراء، کور گروپ اور ریاستی الیکشن کمیٹی کے ساتھ بات چیت ہوگی۔ اس دوران پارلیمانی انتخابات کیلئے حکمت عملی طے کی جائے گی۔ بی جے پی قیادت نے ریاست کی تمام 6نشستوں کی الیکشن کیلئے بلیو پرنٹ تیار کر لیا ہے ،پارٹی جموں اور لداخ کی تین نشستوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے جو اس نے 2014میں جیتی تھیں اور پارٹی ہر صورت میں 2019میں بھی اسے برقرار رکھنا چاہتی ہے ۔ پارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینا نے بتایا کہ شاہ آئندہ عام انتخابات کے پیش نظر ریاست کے دورہ پر آ رہے ہیں۔ وہ ڈاکٹر شیاما پرشاد مکھرجی فائونڈیشن کی طرف سے مکھرجی کی برسی کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ شاہ ریاست کے 200دانشوروں کو بھی خطاب کریں گے۔