کشتواڑ+بھدرواہ // بھاجپا لیڈرا ور اسکے بھائی کی نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہوئی ہلاکت کے بعد کشتواڑ میں پیدا شدہ صورتحال آئی بہتری کے مدِ نظر ضلع انتظامیہ نے مرحلہ وار ڈھنگ سے 2گھنٹے کی ڈھیل دی ۔ قابل ذکر ہے کہ جمعرات کی شب بی جے پی سٹیٹ سیکرٹری انل پریہار اور اس کے برادر اجیت پریہار کونامعلوم بندوق برداروںنے گولی مارکر قتل کر دیا تھا جس کے بعد فرقہ وارانہ طور پر حساس کشتواڑ کے علاوہ ڈوڈہ اور بھدرواہ قصبوں میں کرفیو نافذ کر کے فوج کو طلب کر لیا گیا تھا جب کہ خطہ چناب کے دیگر قصبہ جات میں دفعہ 144کے تحت امتناعی احکامات جاری کئے گئے تھے۔ تاہم بعد ازاں حالات میں سدھار کو دیکھتے ہوئے ہفتہ کے روز ڈوڈہ قصبہ سے اتوار کو بھدرواہ سے کرفیو ہٹا لیا گیا تاہم کشتواڑ میں ہنوز کرفیو جاری ہے ۔ اتوار کو انتظامیہ نے دو مراحل میں دو 2گھنٹے کی ڈھیل دی جس دوران کوئی بھی نا خوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا اور لوگوں نے بھاری تعداد میں اشیائے ضروریہ خریدنے کے لئے بازاروں کا رخ کیا۔ ہڈیال، کلیڈ اور پوچھال میں دوپہر 12:30بجے سے 2:30بجے تک جب کہ بس اڈہ، عمر محلہ اور مالی پیٹھ علاقہ میں 3:00 سے 5:00بجے تک کرفیو میں ڈھیل دی گئی۔اس دوران ایڈیشنل ایس پی کشتواڑ کی قیادت میں قائم کردہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم SITکی طرف سے معاملہ کی تحقیقات چل رہی ہے ۔ اتوار کو پولیس نے چند ایک افراد سے اس سلسلہ میں پوچھ گچھ کی تاہم ابھی تک تفتیشی ایجنسی کو کوئی سراغ ملنے کی اطلاع نہیں ہے ۔ بھاجپا لیڈر کے ذاتی محافظوںPSO کو پولیس نے پہلے ہی پوچھ گچھ کیلئے اپنے پاس رکھا ہوا ہے اوران سے مفصل تفتیش کی جا رہی ہے ۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر پولیس کے 2اہلکارلیڈرکی محافظت پر مامور تھے لیکن اس وقت وہ پریہار کے ہمراہ نہیں تھے جب ان پر پوائنٹ بلینک سے گولی چلائی گئی تھی۔