جاوید اقبال
مینڈھر//بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق ممبر قانون ساز کونسل ایڈووکیٹ مرتضیٰ خان نے حالیہ سرحدی کشیدگی کے دوران متاثر ہونے والے افراد سے اظہارِ ہمدردی اور یکجہتی کے لئے مینڈھر کے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کا یہ دورہ متاثرین کی مشکلات جاننے اور ان کے لئے فوری مدد کے اقدامات کے سلسلے میں کیا گیا۔دورے کے دوران ایڈووکیٹ مرتضیٰ خان نے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا اور مقامی افراد سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ان مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت، خاص طور پر بی جے پی قیادت، سرحدی متاثرین کی مدد کے لئے پْرعزم ہے کیونکہ یہ لوگ ملک کی پہلی دفاعی لائن ہیں اور ان کی فلاح و بہبود ہماری ذمہ داری ہے۔مقامی لوگوں نے مرتضیٰ خان کے دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں عوامی نمائندوں کا ساتھ ہونا حوصلہ افزا ہوتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرحدی علاقوں میں بنیادی سہولیات جیسے رہائش، طبی امداد اور تعلیم کی سہولت کو یقینی بنایا جائے۔مرتضیٰ خان نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ جلد ہی متاثرہ علاقوں کی موجودہ صورتحال پر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کریں گے تاکہ مسائل کے دیرپا حل کے لئے جامع حکمت عملی تیار کی جا سکے۔