عظمیٰ نیوز سروس
سانبہ //سابق وزیر اور پردیش بی جے پی کے نائب صدر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ہیٹ ٹرک جموں و کشمیر میں امن کے فوائد کو مستحکم کرے گی اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کو تعمیر وتر قی کے اعتبار سے مزید مضبوط کرئے گی ۔بی جے پی کے ستاپنا دیوس کے موقع پر سانبہ کے گاؤں سرنا، چیلا ڈنگہ اور گجر نلی میں ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے سلاتھیہ نے کہا کہ یہ ایک لمحہ ہے کہ پارٹی کے آغاز سے لے کر اب تک دنیا کی سب سے بڑی سیاسی طاقت بننے کے سفر پر غور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ قوم پرستی اور ثقافتی بحالی کے نظریہ میں جڑیں، بی جے پی ہندوستان کی تقدیر کو تشکیل دینے والی ایک اہم سیاسی قوت کے طور پر تیار ہوئی ہے۔ ترقی، گڈ گورننس اور شمولیت کے لئے اس کا عزم اہم رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیڈر کی طرف سے جمہوریت، سالمیت اور ترقی کے اصولوں کے لئے لگن کی تجدید کا موقع ہے جس سے بالعموم قوم اور بالخصوص جموں و کشمیر کے روشن مستقبل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔سلاتھیہ نے کہا کہ بی جے پی سماج کے کمزور اور پسماندہ طبقات کی طرف توجہ دے کر سب کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف معاشرے کی ہم آہنگی کی ترقی کی کلید ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ تقریباً ایک دہائی کے دوران بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے مختلف اقدامات کا حوالہ دیا۔ پارٹی ورکروں کو اپنے علاقوں میں کام کرنے کی تلقین کرتے ہوئے مودی حکومت کے پہلے دو ادوار میں ترقی اور عوام کی معاشی آزادی کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں لوگوں میں بیداری پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور متحرک بی جے پی جموں و کشمیر کو درپیش چیلنجوں کا جواب ہے۔