پریاگ راج// کانگریس کے70برسوںکے اقتدارکے مقابلے میں مودی حکومت کی پانچ برس کی مدت کار کو بہترین قراردیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدرامت شاہ نے پیر کوکہا کہ برسراقتدارآنے پرکشمیرمیں دفعہ 370 کوہٹا دیاجائیگا اوربی جے پی کی حکومت نہیں بھی ہوگی تب بھی کارکن وادی کوملک سے الگ ہونے نہیں دیں گے۔الہ آباد میں خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ کشمیربھارت کا تاج اوراٹوٹ حصہ ہے۔ بی جے پی ملک کی سلامتی کے ساتھ کوئی کھلواڑنہیں کرنے دے گی۔ ملک میں نریندرمودی کی پھرسے پانچ برس کیلئے حکومت بنی توکشمیرسے دفعہ 370 ہٹا دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے مونی بابا (منموہن سنگھ) کچھ نہیں بولتے تھے۔ اب جوانوں کو چھوٹ دی گئی ہے۔ فوج اپنے طریقہ سے کام کرنے کیلئے آٓزاد ہے۔ ملک میں بی جے پی کی حکومت نہیں بھی ہوگی تو بھی تمام کارکن کشمیرکوالگ نہیں ہونے دیں گے۔ بی جے پی کے صدرنے کہا کہ پاکستانی فوج ہمارے جوانوں کے سرکاٹ کرلے جاتی تھی، کوئی جواب دینے والا نہیںتھا۔ پلوامہ پردہشت گردانہ حملہ ہوا، اس کا بدلہ سرجیکل اسٹرائیک سے لیا، ان کے گھرمیں گھس کربالاکوٹ پرحملہ کرکے دہشت گردوں کے حوصلے پست کردیئے۔